Jul ۱۸, ۲۰۱۷ ۰۸:۱۳ Asia/Tehran
  • چین میں سیلاب 18 جاں بحق لاکھوں بے گھر

چین میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب کے نتیجے میں 18 افراد جاں بحق اور 18 لاپتہ ہو گئے جبکہ ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے۔

چین کے سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صوبہ جنلن کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی اور پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا۔

میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے ایک لاکھ سے زائد افراد کو سیلابی علاقوں سے نکال کرمحفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور نقل مکانی کرنے والے شہریوں کو عارضی طور پر خیمہ بستیوں سمیت دیگر مقامات پر رہائش دی گئی ہے ۔ جبکہ امدادی سرگرمیوں کے لیے 35 ہزار اہلکاروں کو متاثرہ علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے اور مقامی حکومت کی جانب سے امدادی کارکنوں کی نئی کھیپ بھی طلب کر لی گئی ہے۔

واضح رہے کہ چین میں رواں برس آنے والے سیلاب کی وجہ سے درجنوں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں، گزشتہ ہفتے وسطی چین میں بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں 63 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 16 لاکھ افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی تھی۔ اس کے علاوہ رواں ماہ کے آغاز میں جنوبی صوبے گوانگ شی میں بھی سیلابی ریلے میں بہہ کر متعدد افراد ہلاک اور لاپتہ ہو گئے تھے جبکہ ہزاروں مکانات تباہ بھی ہو گئے تھے۔

 

ٹیگس