Jul ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۱:۴۲ Asia/Tehran
  • امریکا میں ٹرک سے 8 لاشیں بر آمد

امریکا کی جنوبی ریاست ٹیکساس کے شہر سینٹ انٹونیو میں ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے باہر کھڑے ٹرک سے پولیس کو 8 لاشیں اور ڈیڑھ درجن سے زائد افراد تشویش ناک حالت میں ملے ہیں۔

شہر کی ایک کار پارکنگ میں کھڑے ٹرک میں 38 افراد سوار تھے جن میں 8 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 20 افراد کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جس ٹرک سے لاشیں برآمد ہوئیں، وہ والمارٹ نامی ڈیپمارٹمنٹل اسٹور کی پارکنگ میں کھڑا تھا، جہاں اسٹور کے ملازم نے ٹرک دیکھنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے پہنچ کر ٹرک سے 8 لاشیں برآمد کر کے دیگر افراد کو ہسپتال منتقل کردیا جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق ٹرک کا ایئر کنڈیشنڈ (اے سی) خراب تھا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا، ٹرک سے ڈیڑھ درجن سے زائد افراد کو تشویشناک حالت میں بھی برآمد کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ٹرک میں لوگوں کی ہلاکت اور موجودگی سے متعلق ابھی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی، تاہم انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

علاوہ ازیں پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر تفتیش کے لیے منتقل کردیا ہے جب کہ ڈرائیور کی شناخت بھی خفیہ رکھی گئی۔ پولیس کے مطابق متاثرین میں اسکول کے 2 بچے بھی شامل ہیں جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ ٹرک کہاں سے آیا۔

ٹیگس