Aug ۰۳, ۲۰۱۷ ۰۸:۱۹ Asia/Tehran
  • روس کی جانب سے امریکی پابندیوں کی مذمت

روس نے امریکہ کی جانب سے پابندیوں کے بل پر دستخط کرنے کی مذمت کی ہے۔

روس کی وزارت خارجہ نے کل ایک بیان جاری کرتے ہوئے امریکی صدر کی جانب سے روس کے خلاف پابندیوں کے بل پر دستخط کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنی اس قسم کی پالیسی سے عالمی امن کہ تہہ و بالا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

روس کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق امریکہ کے دشمنانہ اقدامات کا جواب دیا جائیگا اور ماسکو اس حق کو اپنے لئےمحفوظ رکھتا ہے۔

امریکی صدر کی جانب سے بل پر دستخط کیے جانے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید تناؤ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کی جانب سے روس پر عائد کی جانے والی نئی پابندیوں سے متعلق بل پر دستخط کر دیئے۔ بل میں یہ شق بھی شامل ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ روس پر عائد پابندیوں میں نرمی نہیں کر سکیں گے۔

امریکی کانگریس کی جانب سے نئی پابندیاں 2016 میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخاب میں روس کی مبینہ مداخلت کے الزام میں عائد کی گئی ہیں جبکہ اس سے قبل روس کی جانب سے کریمیا سے الحاق اور شام میں روسی موجودگی کی وجہ سے بھی امریکا نے ماسکو پر اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

اس بل کو کانگریس کے دونوں ایوانوں سے منظور کیا گیا تھا اور اب ٹرمپ نے اس پر دستخط کردیے ہیں جس کے بعد اسے قانون کا درجہ حاصل ہوگیا ہے۔

ٹیگس