Aug ۰۳, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۳ Asia/Tehran
  • ترکی میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان تبدیل

ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے تقریباً ایک برس بعد تینوں مسلح افواج کے سربراہان کو تبدیل کر دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس بات کا فیصلہ سپریم ملٹری کونسل کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے کی۔ اجلاس میں کیے جانے والے فیصلے کی رسمی منظوری ترک صدر رجب طیب اردگان دیں گے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سپریم ملٹری کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ترک بری فوج کے کمانڈر جنرل صالح ذکی، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل بولنت بوستان اوغلو اور فضائیہ کے سربراہ جنرل عابدین اونل کو عہدوں سے ہٹا دیا جائے اور ان کی جگہ جنرل یاسر گولر کو آرمی چیف، عدنان ازبل کو بحریہ اور جنرل حسن کوچوکاکیوز کو ایئرفورس کا کمانڈر مقرر کیا جائے۔

واضح رہے کہ عام طور پر سپریم ملٹری کونسل کا اجلاس سال میں ایک بار ہوتا ہے تاہم 15 جولائی 2016 کو ترکی میں فوجی بغاوت کی ناکام کوشش کے بعد سے اب تک سپریم ملٹری کونسل کے تین اجلاس ہوچکے ہیں۔ بغاوت کی کوشش کے بعد سے ترکی میں149 فوجی جنرلز پر مقدمات قائم ہوچکا ہے۔

ٹیگس