Aug ۱۳, ۲۰۱۷ ۰۹:۲۶ Asia/Tehran
  • امریکہ میں نسلی تصادم اور ہلاکتوں کے بعد ایمرجنسی نافذ

امریکی ریاست ورجینیا میں سیاہ فاموں اور نسل پرست سفید فاموں کے درمیان تصادم کے بعد ریاست بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

موصولہ رپورٹوں کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا میں سیاہ فاموں اور نسل پرست سفید فاموں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہوگئے جبکہ ریاست میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔  امریکی ریاست ورجینیا کے علاقے شارلوٹس وِلے میں سفید فاموں کی بالادستی کے حامی اور دائیں بازو کی جماعتوں نے ریلی کا اعلان کیا تھا تاہم اس موقع پر سیاہ فاموں کے حقوق کے لیے مظاہرہ کرنے والے بھی آگئے جس کے بعد دونوں گروپوں کے درمیان تصادم ہو گیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے مرچوں کے اسپرے کیے جبکہ متعدد افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔

ورجینیا کے گورنر نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے ریاست میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد ریلی کا انعقاد غیر قانونی ہو گیا۔ مظاہرین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

واضح رہے کہ امریکہ میں سیاہ فام باشندے اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس ملک میں سیاہ فاموں کے ساتھ اچھا برتاو نہیں کیا جاتا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پرتشدد واقعات پر تشویش کا اظہارکیا ہے۔

ٹیگس