Aug ۱۹, ۲۰۱۷ ۱۲:۵۹ Asia/Tehran
  • روس ایران کے جوہری معاہدے کے سلسلے میں اپنے موقف پر قائم

روس نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ ایران کے جوہری معاہدے کے سلسلے میں اپنے موقف پر قائم ہے۔

روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخا رووا نے کہا ہے کہ ایران جوہری معاہدہ ایک عالمی سمجھوتہ ہے اور اس پر ہمارے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی بلکہ ہم تمام فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس معاہدے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں.

ماریا زاخا رووا نے گزشتہ روز میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی جوہری معاہدہ، دنیا کے چند ممالک اور یورپی یونین کے تعاون سے طے پا گیا اور اس حوالے سے یورپی یونین نے ایک فعال اور موثر کردار ادا کیا.

انہوں نے جوہری سمجھوتےکے نفاذ پر روس کے فعال کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روس نے اس سے پہلے جوہری معاہدے کے حوالے سے اپنا مثبت اور واضح موقف کا اعلان کیا تھا اور اب بھی روس اپنے اسی موقف پر قائم ہے اوراس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے.

روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ اس سے قبل روسی حکام نے بارہا جوہری معاہدے کے حوالے سے اپنے ملک کی حمایت پر زور دے کر امریکہ کو اس عالمی معاہدے کے تناظر میں اپنی ذمہ داریوں کی کھلی خلاف ورزی کے بارے میں خبردار کیا تھا.

واضح رہے کہ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے گزشتہ بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس میں ایران کے خلاف امریکہ کی نئی عائد کردہ پابندیوں کو واشنگٹن کا غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی افسوسناک ہے.

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو چاہیے کہ ایسے اشتعال انگیز اقدامات سے باز رہے کیونکہ یہ اقدامات کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں ہیں اورامریکہ کو چاہئیے کہ وہ جوہری معاہدے کے حوالے سے اپنے تمام وعدوں پرکاربند رہے ۔

 

ٹیگس