Aug ۲۲, ۲۰۱۷ ۰۹:۱۸ Asia/Tehran
  • ٹرمپ نے  پاکستان پر دہشتگردوں کو محفوظ ٹھکانے فراہم کرنے کا الزام دہرادیا۔

امریکی صدرٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر خاموش نہیں رہیں گے۔

آرلینگٹن کے فوجی اڈے سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے افغانستان اور پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے بارے میں نئی امریکی پالیسی کا اعلان  کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اربوں ڈالر دیتے ہیں، مگر وہ دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے۔ افغانستان میں ہمارا ساتھ دینے سے پاکستان کو فائدہ، دوسری صورت میں نقصان ہوگا اورپاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر خاموش نہیں رہیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ افغانستان میں مزید ہزاروں امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی راہ ہموار کرتے ہوئے امریکا کی طویل ترین جنگ کے خاتمے کے وعدے سے پھِر گئے جبکہ پاکستان پر دہشتگردوں کو محفوظ ٹھکانے فراہم کرنے کا الزام دہرادیا۔

امداد میں کمی کی دھمکی دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو اربوں ڈالر ادا کرتے ہیں مگر پھر بھی پاکستان نے اُنہی دہشت گردوں کو پناہ دے رکھی ہے جن کے خلاف ہماری جنگ جاری ہے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اس رویے کو تبدیل ہونا چاہیے اور بہت جلد تبدیل ہونا چاہیے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہماری نئی پالیسی میں افغانستان اور پاکستان خاص اہمیت کے حامل ہیں۔ سفارتی، سیاسی اور فوجی حکمت عملی کو یکجا کرکے اقدام کریں گے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم ان پر اقتصادی پابندیاں لگائیں گے جو دہشت گردی کو بڑھاوا دیتے ہیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی قوم پچھلے 16 سال کی جنگوں سے پریشان ہوچکی ہے، انھوں نے مزید کہا کہ مجھے بھی امریکی عوام کی طرح افغان جنگ کی طوالت پر مایوسی ہوتی ہے۔

پاکستان کا ابھی تک اس نئی امریکی پالیسی پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

 

ٹیگس