Sep ۲۳, ۲۰۱۷ ۰۹:۳۳ Asia/Tehran
  • مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے 21 افراد جاں بحق

بحیرہ اسود کے ساحل کے نزدیک کشتی ڈوبنے سے 21 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

اناطولی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترکی میں بحیرہ اسود کے ساحل کے نزدیک ایک کشتی ڈوب جانے سے اس پر سوار کم از کم 21 افراد کی موت ہوگئی جبکہ  ابھی بھی متعدد افراد لاپتہ ہیں۔

کشتی میں مہاجرین سوار تھے اور ان میں سے تقریباً 40 مہاجرین کو بچالیا گیا ہے۔

حکام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق استنبول سے 130 کلومیٹر سے دور ضلع کیفکان میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 40 مہاجرین کو بچالیا گیا جبکہ لاپتہ 13 سے 15 افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

قصبہ کندیرا کے ایک رہائشی مہمت اونل کا کہنا ہے کہ کشتی میں 70 کے قریب افراد سوار تھے جن میں سے اکثریت عراقیوں کی تھی۔

میڈیا کی غیر تصدیق شدہ رپورٹوں کے مطابق مہاجرین کی کشتی ذونگلدک سے روانہ ہوئی تھی اور یورپی یونین میں شامل ملک رومانیا میں داخل ہونے جارہی تھی۔

اطلاعات کے مطابق مہاجرین کی کشتی ترکی میں ہونے والی بارش اور خراب موسم کے باعث دریا میں طغیانی کے نتیجے میں ڈوب گئی۔

واضح رہے کہ ترکی میں شام، عراق اور افغانستان سمیت پوری دنیا سے مہاجرین کی ایک بڑی تعداد جمع ہوتی ہے اور مغربی روٹ سے یورپی ممالک میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔

بحیرہ اسود کے راستے رومانیہ داخل ہونے والے مہاجرین کی کوششوں میں حالیہ مہینوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

 

ٹیگس