Sep ۲۴, ۲۰۱۷ ۰۸:۰۷ Asia/Tehran
  • امریکی صدرٹرمپ ذہنی طورپران فٹ

شمالی کوریا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ذہنی طور پر ان فٹ قراردیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ ہو نے دعویٰ کیا کہ شمالی کوریا اپنے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کو بہت جلد حتمی شکل دینے والا ہے۔ ری یونگ نے کہا کہ امریکا نے شمالی کوریا اور اس کے اتحادیوں پر پابندیاں عائد کیں لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، یہ سوچ انتہائی احمقانہ ہے کہ پابندیوں سے شمالی کوریا کو اس کے مشن سے روکا جاسکتا ہے۔ شمالی کوریا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ شمالی کوریا ہائیڈروجن بم سمیت جوہری ہتھیاروں کے اہداف تقریباً حاصل کرچکا ہے البتہ یہ ہتھیار جنگ کو روکنے اور ملک کے دفاع کے لیے ہیں، امریکا اور اس کے شراکت داروں کو شمالی کوریا کو دھمکانے سے قبل سوچنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا ایک ذمہ دار ملک ہے اور وہ اپنی جوہری صلاحیتوں کو استعمال کرنے کا خواہش مند نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ذہنی طور پر فٹ نہیں ہیں، وہ طاقت کے نشے میں ہیں، امریکا کی وجہ سے ہی شمالی کوریا کو جوہری ہتھیار بنانے پڑ رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ممالک جوامریکا کے ساتھ نہیں ہیں انہیں خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، شمالی کوریا ان ممالک کو کوئی نقصان پہنچانے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ شمالی کوریا نے امریکا کو مجبور کیا تو وہ اسے مکمل طور پر تباہ کردے گا۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر امریکا کو اپنا اور اپنے اتحادیوں کا دفاع کرنے پر مجبور کیا گیا تو ہمارے پاس شمالی کوریا کو مکمل طور پر تباہ کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہوگا۔ امریکی صدر کے بیان پر شمالی کوریا نے بھی سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ کو ایٹمی حملے کی دھمکی دی تھی۔

ٹیگس