Sep ۲۹, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۳ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا تیزی سے نیوکلیائی ہتھیاروں کی سمت گامزن

ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے سربراہ یوکیا امانو نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے بڑی تیزی سے نیوکلیائی ہتھیاروں تیار کرکے دنیا کے لئے خطر پیدا کردیا ہے۔

جنوبی کوریا کا دورہ کرنے والے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر یوکیا امانو نے جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ کانگ کیونگ وہا کے ساتھ ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا کے چھٹے اور سب سے طاقت ور نیوکلیائی تجربے سے نیا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

اس موقع پر ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے ڈائریکٹر یوکیا امانو نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ عالمی برداری کو اب متحد ہوجانا چاہئے۔

دوسری جانب چین نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل درآمد کرتے ہوئے شمالی کورین کمپنیوں کو 120 دنوں میں اپنا کاروبار بند کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔

چینی وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چین نے یہ اقدام شمالی کوریا کی جانب سے کیے جانے والے چھٹے جوہری تجربے کی پاداش میں اقوام متحدہ کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا ہے۔

در ایں اثنا امریکی دھمکیوں کے بعد شمالی کوریا  کےمختلف شہروں میں جنگ کے حوالے سے پوسٹرز آویزاں کر دیئے گئے۔ ان پوسٹروں پر لکھا ہے کہ اگر شمالی کوریا پر جنگ مسلط کی گئی تو دشمن کے دانت کھٹے کردیئے جائیں گے۔

آویزاں پوسٹرز میں شمالی کوریائی شہریوں کو زندہ جلاتے ہوئے اور کمسنوں کو کنویں میں پھینکتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

شمالی کوریا میں لگائے پوسٹر کا متن ہے کہ امریکا سےعظیم اور فیصلہ کن جنگ ہونے والی ہے۔ ا س کے علاوہ ان پوسٹرز میں یہ بھی تحریر ہے کہ وائٹ ہاؤس پرمیزائلوں کی بارش کریں گے۔ 

ٹیگس