Oct ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۸:۳۶ Asia/Tehran
  • امریکہ: کیلیفورنیا میں آگ بدستور بے قابو

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں بھیانک آگ سے ہلاکتوں اور تباہیوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

امریکی ذرائع کے مطابق ریاست کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد اکیس تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ تیز ہواؤں کے باعث آگ تیزی سے دوسرے علاقوں تک پھیل رہی ہے۔

فائر بریگیڈ کے چیف کا کہنا ہے کہ آگ وسیع پیمانے پر پھیل چکی ہے جو دیگر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے جس پر قابو پانے کے لیے تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ دیگر شہروں سے بھی آگ بجھانے والوں اور امدادی دستوں کو طلب کر لیا گیا۔

 انھوں نے بتایا اکیس افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ سیکڑوں افراد لاپتہ ہیں۔فائر بریگیڈ کے چیف کا کہنا ہے کہ شمالی کیلیفورنیا میں تقریباً چوبیس مقامات پر بڑے پیمانے پر آگ لگی ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مختلف مقامات پر لگی اس آگ کے ایک دوسرے سے مل جانے کا خدشہ ہے جو بہت ہی تباہ کن صورت حال ہوگی۔

ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی تپش کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع نہیں کیا جا سکا ہے اور جب امدادی سرگرمیاں شروع ہوں گی تو ہلاکتوں کی صحیح تعداد کا اندازہ ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ ابھی یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ جو لوگ لاپتہ ہیں انہیں کوئی نقصان پہنچا ہے یا پھر وہ راستے بند ہونے کی وجہ سے رابطے میں نہیں ہیں۔