Oct ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۷:۱۲ Asia/Tehran
  • ایران میں بیرونی سرمایہ کاری سے متعلق برطانیہ کی حمایت

برطانوی وزیر خارجہ نے ایران میں سرمایہ کاری کی حمایت کرتے ہوئے ایٹمی معاہدے کو مغربی ملکوں کی سلامتی کے مفاد میں قرار دیا۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ بوریس جانسن نے چٹم ہاؤس میں ایک بیان میں کہا کہ ایران کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا بلکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ایمٹی معاہدے کا تحفظ کیا جائے اس لئے کہ یہ معاہدہ نہ صرف ایران بلکہ مغربی ملکوں کی سلامتی کے لئے بھی مفید ہے۔انھوں نے ایران میں بیرونی سرمایہ کاری پر برطانیہ کی حمایت کے بارے میں کہا کہ ایران جب تک ایٹمی معاہدے پر باقی ہے اس ملک کے اقتصادی شعبے میں سرمایہ کاری ایٹمی معاہدے کا ہی حصہ ہے۔برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس طرف توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ ابھی ایٹمی معاہدے سے نہیں نکلے ہیں اور ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کا التوا بھی ابھی بدستور جاری ہے۔