Oct ۲۴, ۲۰۱۷ ۰۷:۵۸ Asia/Tehran
  • کاتالونیا کے حکام کی آزادی کے حصول پرتاکید

کاتالونیا کے حکام نے کہا ہے کہ اسپین سے آزادی کے علاوہ اور کوئی بات نہیں کی جاسکتی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہسپانوی وزیراعظم ماریانوں راخوائے نے کاتالونیا کی علیحدگی پسند قیادت کو برطرف کرنے اور اس علاقے کی نیم خودمختار حیثیت ختم کرنے کے لئے قرارداد  سینیٹ میں پیش کی ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ اسپین کی سینیٹ کی جانب سے آئندہ چند روز میں حکومت کے اقدامات کی منظوری دے دی جائے گی۔

اسپین کے وزیراعظم نے کاتالونیا حکومت کو برطرف کرنے کے ساتھ اس کی پارلیمنٹ کے اختیارات کو بھی محدود کرنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے جس پر کاتالونیا کی آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والے رہنماؤں کی جانب سے ردعمل میں رسمی طور پراسپین سے آزادی کا یک طرفہ فیصلہ کئے جانے کا بھی امکان ہے۔

دوسری جانب کاتالونیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان راول رومیوا نے ہسپانوی وزیراعظم کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کاتالونیا کے مفادات کے خلاف اقدامات کررہی ہے۔ ہسپانوی حکومت کو اس بات کاخیال رکھنا چاہئے کہ کاتالونیا کے عوام نے اسپین سے علیحدگی کے لئے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے۔

واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو ہونے والے ریفرنڈم میں کاتالونیا کےعوام نے اسپین سے علیحدگی کے لئے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا تاہم اسپین کی سپریم کورٹ نے اس ریفرنڈم کو غیرقانونی قراردیتے ہوئے کالعدم کردیا تھا۔

 

ٹیگس