Nov ۰۷, ۲۰۱۷ ۱۰:۳۵ Asia/Tehran
  • پیراڈائزلیکس میں شامل افراد کے خلاف کارروائی

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پیراڈائز لیکس میں شامل افراد اور کمپنیز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام ممالک کی حکومتیں ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائی کریں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امراء ٹیکس ادا نہیں کرتے توغریب عوام اس کا نقصان اٹھاتے ہیں۔

ایمنسٹی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومتیں بنیادی سہولتوں پرکام کر رہی ہیں ایسے میں امراء کا پیسہ بچانا شرمناک ہے۔

در ایں اثنا پاکستان میں فیڈرل بورڈ آف انویسٹی گیشن ( ایف بی آر) نے پیراڈائز پیپرز میں پاکستانی شہریوں کی آف شور کمپنیاں ظاہر ہونے پر انہیں نوٹس بھیجنے کی تیاری کرلی۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے اپنے انٹیلی جنس اور تفتیشی ونگ کو ہدایت کی کہ جس طرح پاناما پیپرز کی تحقیقات کی گئی تھی اسی طرح حالیہ ہونے والی لیکس میں جس کے نام موجود ہیں یا جو میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے سب کو نوٹس جاری کیے جائیں۔ جسے نوٹس جاری ہوگا اسے 15 دن کے اندر ٹیکس حکام کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دینا ہوگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 135 پاکستانیوں کے نام حالیہ لیکس میں شامل ہیں ۔

واضح رہے کہ پاناما لیکس کے بعد اب پیراڈائز لیکس نے تہلکہ مچا دیا ہے اس بار برطانیہ کی ملکہ الزبتھ، پاکستان کے سابق وزیراعظم شوکت عزیز، معروف فلمی اداکارامیتابھ بچن اوردنیا کی اہم شخصیات سمیت کئی ہندوستانی سیاستدانوں کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔

 

ٹیگس