Nov ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۴:۰۷ Asia/Tehran
  • لبنان کے امور میں مداحلت نہ کرنے پر یورپی یونین کی تاکید

یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی نے لبنان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

فیڈریکا موگرینی کا کہنا تھا کہ یورپی یونین چاہتی ہے کہ لبنان کے اندرونی معاملات میں کسی بھی جانب سے مداخلت نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین چاہتی ہے کہ علاقائی جھڑپوں کا دائرہ لبنان کی سرحدوں تک نہ پھیلنے پائے اور تمام فریقوں کو اس کا راستہ روکنا چاہیے۔
یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج نے کہا کہ وہ منگل کے روز برسلز میں لبنان کے وزیر خارجہ جبران باسل سے ملاقات اور وزیراعظم سعد حریری کے استعفے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گی۔
قابل ذکر ہے کہ لبنان کے وزیراعظم سعد حریری نے رواں ماہ کی چار تاریخ کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے بذریعہ ٹیلی ویژن اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔
لبنانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعد حریری نے سعودی عرب کے دباؤ میں آکر استعفی دیا ہے جس کا مقصد لبنان کو خانہ جنگی کی آگ میں دھکیلنا ہے۔
لبنانی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعد حریری کو ریاض حکومت نے قیدی یا جبری طور پر سعودی عرب میں روک رکھا ہے۔