Nov ۱۵, ۲۰۱۷ ۱۴:۴۷ Asia/Tehran
  • کیلیفورنیا کے مختلف مقامات پر فائرنگ، 5 افراد ہلاک

امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں مختلف مقامات پر فائرنگ میں حملہ آور سمیت پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

کیلیفورنیا پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ ٹے ہاما کاونٹی کے ایلیمنٹری اسکول میں پیش آیا جس میں کم سے کم تین بچے ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورس کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا ہے۔ شمالی کیلیفورنیا میں ہونے والے فائرنگ کے ایک الگ واقعے میں مزید ایک شخص کے مارے جانے کی خـبر ہے۔ٹےہاما کاؤنٹی کے ایک اعلی پولیس افسر فِل جانسن نے مقامی ٹی وی کو بتایا کہ اسکول سمیت کم از کم پانچ مقامات پر فائرنگ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔امریکہ میں فائرنگ کے واقعات میں سالانہ ہزاروں لوگ ہلاک اور زخمی ہوجاتے ہیں، اس رپورٹ کے مطابق امریکی معاشرے میں دو سو ستر ملین سے تین سو ملین تک ہتھیار موجود ہیں۔امریکہ کی سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے مسلسل ہتھیاروں کی آزادانہ خرید و فروخت کو محدود کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے لیکن طاقتور اسلحہ لابی کی وجہ سے کوئی بھی حکومت موثر قانون سازی نہیں کرسکی ہے۔امریکہ کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی طاقتور اسلحہ لابی کا سب سے بڑا حامی تصور کیا جاتا ہے۔