Nov ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۴:۲۴ Asia/Tehran
  • فرانس کے وزیر خارجہ کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

فرانس کے وزیر خارجہ نے ریاض میں سعودی ولی عہد سے ملاقات اور خطے کی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق جین ایوو لودریاں اور محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں، لبنان کے وزیراعظم سعد حریری کے استعفے کا معاملہ سر فہرست تھا۔اس ملاقات سے قبل پیرس میں ایلزا پیلس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں صدر عمانوئیل میکرون نے کہا تھا کہ سعد الحریری اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ریاض سے پیرس روانہ ہونے والے ہیں۔فرانس کے صدر جو حریری کے استعفے کے اعلان کے وقت متحدہ عرب امارات کے دورے پر تھے، اچانک ریاض پہنچے  اور انہوں نے سعودی ولی عہد کو ایئر پورٹ پر طلب کرکے ان سے اس مسئلے پر تبادلہ خیال کیا تھا۔دوسری جانب لبنان کے صدر مشیل عون نے ایک بار پھر کہا ہے کہ سعد الحریری سعودی عرب میں قید ہیں اور انہیں شاہی خاندان کے شدید دباؤ کا سامنا ہے۔لبنانی حکام کا خیال ہے کہ سعودی حکام نے سعد الحریری کے اہل خانہ کو یرغمال بنا رکھا ہے تاکہ وہ ان کے احکامات سے سرکشی نہ کر نے پائیں۔لبنان کے وزیر اعظم سعد الحریری نے چار نومبر کو مروجہ ضابطوں کے برخلاف سعودی عرب میں بیٹھ کر اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔

ٹیگس