Dec ۰۶, ۲۰۱۷ ۱۰:۴۶ Asia/Tehran
  • برطانوی وزیراعظم کے قتل کی سازش ناکام، 2 نوجوان گرفتار

برطانیہ کی پولیس نے دہشت گردی سے منسلک جرائم کے الزام میں دو نوجوانوں کو گرفتار کرکے وزیراعظم تھریسامے کے قتل کی سازش کو ناکام کرنے کا دعوی کیا ہے۔

برطانوی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ وزیراعظم تھریسامے کو گزشتہ ماہ خودکش حملے میں ہلاک کرنے کی سازش بنائی گئی تھی جسے اسکاٹ لینڈیارڈ، ویسٹ مڈلینڈزپولیس اورایم آئی فائیو نے ناکام بناتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ سازش کے تحت ڈاؤننگ اسٹریٹ پر واقع وزیر اعظم تھریسامے کی رہائش گاہ پر آئی ای ڈی دھماکہ خیز مواد کا استعمال کرتے ہوئے افراتفری مچانے کے بعد ان کے قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی. اسکاٹ لینڈ یارڈ، ایم آئی- 5 اور ویسٹ مڈلینڈز پولیس کی طرف سے کئی ہفتوں سے اس سلسلے میں تحقیقات کی جا رہی تھی.اس سے پہلے مسز تھریسامے کے ترجمان نے ایک بیان جاری کر کے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران برطانیہ نے اس طرح کی نو سازشوں کو ناکام بنایاہے۔