Dec ۱۹, ۲۰۱۷ ۱۱:۴۷ Asia/Tehran
  • امریکہ میں ٹرین حادثہ، 3 ہلاک 100 زخمی

امریکی ریاست واشنگٹن میں ٹرین پٹڑی سے اتر گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ٹرین کے ڈبے ڈیوپونٹ کے مقام پر پٹڑی سے اترے اور ایک مصروف شاہراہ پر جاگرے جو آئی فائیو موٹروے کے نام سے مشہور ہے، حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے کارروائی کا آغاز کردیا، ان کے مطابق چار بوگیاں گری ہیں جس میں سے ایک مکمل طور پر الٹ گئی، حادثے کے بعد علاقے میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ 70 سے زائد مسافر زخمی ہوئے ہیں جبکہ بعض اطلاعات کے مطابق 100 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

یہ حادثہ امریکا کی مشہور ٹرین سروس ایم ٹریک ٹرین 501 کو پیش آیا جو مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے سیاٹل سے پورٹ لینڈ جارہی تھی ۔

ایک مسافر کرک کارنس کے مطابق ایک کنارے پر ٹرین دھماکے سے رکی اور بقیہ بوگیاں آپس میں ٹکرائیں جس سے خوفناک دھماکے دار آواز سنی گئی، حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار 130 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔

 

ٹیگس