Dec ۲۵, ۲۰۱۷ ۰۹:۲۹ Asia/Tehran
  • حضرت عیسی (ع) کی ولادت  با سعادت مبارک ہو

25 دسمبر حضرت عیسی (ع) کی ولادت با سعادت کی تاریخ ہے۔ اس روز دنیا بھر میں آپ کے چاہنے والے جشن مناتے ہیں۔

قرآن کریم میں حضرت عیسی (ع) کو روح اللہ کے نام سے پکارا گیا ہے اور آپ حضرت مریم (س) کے فرزند ہیں۔ حضرت عیسی (ع) نے یہودیوں کی آسمانی کتاب تورات میں بشارت دی کہ میرے بعد ایک ایسی ہستی آئیں گے جن کا نام احمد(حضرت محمد(ص) پیغمبر اسلام ہوں گے)۔

مسیحی برادری دنیا بھر میں حضرت عیسی (ع) کی ولادت با سعادت کی تاریخ کو کرسمس کے جشن کے طور پر مناتی ہے اور دنیا بھرمیں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار مذہبی جوش و جذبے سے منا رہی ہے۔ ویٹی کن سٹی میں اس حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیاجبکہ کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اس موقع پر خصوصی دعا بھی کرائی۔

ویٹی کن سٹی میں کرسمس کی مرکزی تقریب گزشتہ رات منعقد کی گئی ، پوپ فرانسس نے اپنے خطاب میں دنیا بھر کے عیسائیوں کو کرسمس کی مبارکباد دی اور حضرت عیسی (ع)کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کو دنیا کے مختلف ملکوں کے سربراہوں کے نام اپنے تہنیتی پیغامات میں اس امید کا اظہار کیا کہ پیغمبران الہی کی تعلیمات کے زیرسایہ اور پرامن بقائے باہمی کے اصول پر بھروسہ کرکے امن و انصاف اور مساوات وبرابری کے قیام اور اس کو رواج دینے کی جانب اہم قدم اٹھایا جاسکتا ہے۔

پوپ فرانسس کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ہمارا ایمان اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ غیر ملکیوں اور پناہ گزینوں کا احترام اور ان کا خیر مقدم کیا جائے، کیونکہ ان لوگوں نے یہ راستہ خود اختیار نہیں کیا بلکہ انہیں ان کی زمینوں سے بے دخل ہونے اور اپنے پیاروں کو چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔

مسیحی برادری نے کرسمس تقریبات کو منانے کیلیے گرجا گھروں میں عبادات کا آغاز کر دیا،گزشتہ شب گرجا گھروں میں شب بیداری کی گئی جس میں مسیحی برادری نے خصوصی عبادات کیں ۔

کرسمس کے موقع پر عالمی رہنماوں نےمسیحی برادری کو مبارکبادپیش کی اورکہا کہ حضرت عیسیٰ نے محبت، درگزر اور بھائی چارے کا سبق دیا،یہ وہ اقدار ہیں جنھیں آج ہمیں اپنی زندگیوں میں شامل کرنے کی جتنی ضرورت ہے وہ پہلے کبھی نہیں تھی۔

سحر عالمی نیٹ ورک اس موقع پر اپنے تمام سامعین، ناظرین اور کرم فرماوں کی خدمت میں ھدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتا ہے۔

ٹیگس