Jan ۱۲, ۲۰۱۸ ۱۸:۱۰ Asia/Tehran
  • وکی لیکس کے بانی کو سفارت کار کا درجہ دینے سے انکار

حکومت برطانیہ نے وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج کو سفارت کار کا درجہ دینے سے متعلق اکواڈور کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔

برطانیہ کی وزارت خارجہ نے اکواڈور کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے یہ بات زور دے کرکہی ہے کہ وکی لیکس کے بانی اکواڈور کے سفارت خانے سے باہر آئیں اور اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں۔اکواڈور کی وزیر خارجہ نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ پانچ سال سے لندن میں ان کے ملک کے سفارت خانے میں پناہ لیے بیٹھے وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج کو اکواڈور کی شہریت عطا کردی گئی ہے۔ماریا فرنانڈز اسپینوزسا کا کہنا تھا کہ جولیان اسانج نے بارہ دسمبر دوہزار سترہ کو اکواڈور کی شہریت حاصل کرلی ہے۔اکواڈور کی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسی بنیاد پر ان کے ملک نے برطانیہ سے درخواست کی ہے کہ وہ جولیان اسانج کو اکواڈور کے سفارت کار کا درجہ اور سفارتی تحفظ فراہم کرنے کا اعلان کرے۔ماریا فرنانڈز اسپینوزسا کا کہنا تھا کہ انہیں خدشہ ہے بعض ممالک ہوسکتا ہے کہ وکی لیکس کے بانی کے لیے جان کا خطرہ پیدا کرنے کوشش کریں -اکواڈور کی وزیر خارجہ نے بتایا کہ وہ اس بات کی کوشش کر رہی ہیں کہ حکومت برطانیہ کے ساتھ بات چیت کے ذریعے جولیان اسانج کے معاملے کا کوئی حل نکالا جائے لیکن برطانوی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ لندن نے اکواڈر کی جانب سے جولیان اسانج کو سفارت کار درجہ دینے کی درخواست مسترد کردی ہے۔قابل ذکر ہے کہ سوئیڈن کی ایک عدالت نے سن دوہزار دس میں وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج کے خلاف جنسی زیادتی کے الزامات عائد کیے تھے۔اگرچہ حکومت سوئیڈن نے انیس مئی دوہزار سترہ کو جولیان اسانج کے خلاف جنسی زیادتی کا کیس بند کردیا ہے لیکن برطانوی پولیس بدستور، بعض قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں انہیں گرفتار کرنے پر اصرار کر رہی ہے۔ امریکہ نے بھی جولیان اسانج کی گرفتاری کو اپنی ترجیحات میں شامل کر رکھا ہے۔وکی لیکس کے بانی سن دوہزار بارہ سے لندن میں اکواڈور کے سفارت خانے میں پناہ لیے ہوئے ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ حکومت برطانیہ انہیں گرفتار کر کے امریکا کے حوالے کر دے گی جہاں ان سے امریکہ کی خفیہ سفارتی اور عسکری معلومات افشا کرنے کے حوالے سے تحقیقات کی جائیں گی۔وکی لیکس، سن دوہزار دس سے اب تک امریکہ کی ہزاروں سفارتی اور دفاعی دستاویزات اور اسناد انٹرنیٹ پر جاری کرچکا ہے۔

ٹیگس