Feb ۰۴, ۲۰۱۸ ۱۸:۴۰ Asia/Tehran
  • وجود کو خطرہ ہوا تو ایٹمی ہتھیار استعمال کریں گے، روس کا امریکہ کو جواب

روس کی وزارت خارجہ نے امریکہ کی نئی ایٹمی حکمت عملی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ملکی وجود کو خطرہ لاحق ہوا تو ماسکو ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کو مجاز تصور کرے گا۔

روسی وزارت خارجہ کے بیان میں امریکہ کے اس دعوے کو بھی سختی کے ساتھ مسترد کر دیا گیا کہ روس کی جانب سے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کا امکان پایا جاتا ہے۔
روسی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ماسکو صرف اپنے اور اپنے اتحادیوں کے خلاف ایٹمی یا عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے جارحیت کی صورت میں خود کو ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کا مجاز سمجھتا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے بیان میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ واشنگٹن اپنی فوجی منصوبہ بندی میں نئی ایٹمی اسٹریٹیجی کے نفاذ کے سنگیں خطرات کو محسوس کرے گا۔
واضح رہے کہ امریکی وزارت جنگ نے صدر ٹرمپ کے نظریات پر تیار کی جانے والی نئی ایٹمی پالیسی کا اعلان کیا ہے جسے نیوکلیئر پوسچر ری ویو کا نام دیا گیا ہے۔
امریکہ کی نئی ایٹمی اسٹریٹیجی میں جدید ترین ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری اور اہم اسٹریٹیجک مگر غیر ایٹمی حملوں کا جواب ایٹمی ہتھیاروں کے ذریعے دینے کی دھمکی دی گئی ہے۔
امریکی اسٹریٹیجی کا اہم ترین نشانہ روس کو بنایا گیا ہے جو دنیا کا ایک اہم ترین ایٹمی ملک شمار ہوتا ہے۔

ٹیگس