Feb ۱۴, ۲۰۱۸ ۱۹:۲۴ Asia/Tehran
  • عراق کی تعمیرنو کی ضرورت پر اقوام متحدہ کی تاکید

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے عراق کی تعمیرنو میں جدت عمل کی حمایت کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ عراق کی، قومی آشتی کے ساتھ تعمیرنو کئے جانے کی ضرورت ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹرس نے بدھ کے روز کویت میں عراق کی تعمیرنو سے متعلق کانفرنس سے اپنے خطاب میں عراق کے آئندہ انتخابات کو اہم اور اس سلسلے میں سب کے برابر کے حقوق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عراق میں تعلیم اور بحران سے متاثرہ نوجوانوں نیز خواتین کو روزگار فراہم کئے جانے پر توجہ دیئے جانے اور ہرشعبے میں عراق کی ترقی کی ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹرش نے کویت کانفرنس کے شرکا سے دہشت گردی کے مقابلے میں اقوام متحدہ کی حمایت کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عراق ماضی کے دردناک واقعات اور بحران سے ابھر آیا ہے اور اس وقت عراق اس ملک کی قوم کی ایک امید بنا ہوا ہے۔
دوسری جانب امیر کویت نے اس کانفرنس میں عراق کی تعمیرنو اور اس ملک میں سرمایہ کاری کے لئے دو ارب ڈالر مخصوص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امیر کویت نے کہا ہے کہ کویت کانفرنس میں عالمی سطح پر وسیع پیمانے پر کی جانے والی شرکت اس بات کی آئینہ دار ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مہم کے دوران عراق میں ہونے والی تباہی و بربادی پر عالمی رائے عامہ کی توجہ مرکوز ہے۔
انھوں نے کہا کہ کویت، عراق میں دہشت گرد گروہوں کے اقدامات اور کارروائیوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کے بعد اس ملک کی حمایت و مدد کرنے سے کوئی دریغ نہیں کرے گا۔
کویت کانفرنس سے اپنے خطاب میں عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران عراق میں بے گھر ہونے والے پچاس لاکھ عراقیوں کے مسئلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بغداد بے گھر ہونے والے نصف عراقیوں کو ان کے گھروں کو واپس پہنچانے میں کامیاب رہی ہے۔
انھوں نے عراق میں پائے جانے والے حقائق پر توجہ دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بغداد نے عراق میں بعض پرانے قوانین سے چھٹکارہ پانے کے لئے ضروری اقدامات شروع کر دیئے ہیں اور عراق میں دہشت گردی کی ایک وجہ کرپشن بھی ہے جس کے خلاف اس کی مہم جاری رہے گی۔
عراق کی تعمیرنو سے متعلق کویت کانفرنس سے یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دردناک دور سے گذرنے کے بعد عراق اب نئے مرحلے کا آغاز کر رہا ہے اور اس ملک میں نہ صرف قیام امن میں مدد بلکہ تعمیرنو کے عمل سے متعلق ضروریات کو بھی پورا کئے جانے کی ضرورت ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دنیا کے پچاس ملکوں اور متعدد تنظیموں کے حکام و نمائندوں کی شرکت سے عراق کی تعمیرنو سے متعلق تین روزہ کویت کانفرنس پیر بارہ فروری کو شروع ہوئی تھی۔

ٹیگس