Feb ۲۱, ۲۰۱۸ ۱۲:۲۹ Asia/Tehran
  • واچ لسٹ میں پاکستان کوشامل کرنے کی امریکی کوشش ناکام

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس میں پاکستان کا نام دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والے ممالک کی واچ لسٹ میں شامل کرنے کی امریکی کوشش ناکام ہوگئی۔

منی لانڈرنگ کے خلاف فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس پیرس میں ہوا۔ امریکا اور برطانیہ نے اجلاس کے دوران پاکستان کو دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت روکنے میں ناکام ممالک میں شامل کرنے کی قرارداد پیش کی تاہم اتفاق رائے نہ ہونے کی وجہ سے قرارداد منظور نہ ہوئی، جس کے نتیجے میں اس معاملے کو اب 3 ماہ کے لیے موخر کردیا گیا اور جون میں اس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، جبکہ ایشیا پیسیفیک گروپ آن منی لانڈرنگ ( اے پی جی) کو جون میں نئی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کو کسی ملک پر پابندی عائد کرنے کے اختیارات نہیں تاہم یہ گرے اور بلیک کیٹیگری وضع کرتی ہے، منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے خلاف قابل قدر اقدامات  کرنے والے ممالک کو گرے کیٹیگری میں شامل کیا جاتا ہے جب کہ اقدامات نہ کرنے والے ممالک کو بلیک کیٹیگری میں ڈال دیا جاتا ہے، بلیک کیٹیگری والے ملک کو بین الاقوامی سطح پر زرِمبادلہ کی نقل و حرکت اور ترسیل میں غیر معمولی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس جی سیون ممالک کے ایما پر بنایا گیا ادارہ ہے جو منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی امداد کی نگرانی کرتا ہے۔

ٹیگس