Mar ۱۱, ۲۰۱۸ ۲۰:۰۴ Asia/Tehran
  • امریکا میں حیران کن طور پرگن کلچر کی حمایت میں ریلی

امریکا میں گن کلچر کے حامیوں نے ریلی نکال کر بندوق لے کر چلنے والوں کی حمایت کردی ہے۔

امریکا میں جہاں گن کلچر کی وجہ سے آئے دن بہت سے افراد مارے جاتے ہیں اور ملک میں بندوق اور اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی عائد کئے جانے کا مطالبہ بڑھتا جارہا ہے وہیں بندوقوں کی حمایت میں ریلی نکالی گئی ہے۔
ریاست اوہایو میں بندوقوں کی حمایت میں مظاہرین نے جدید ہتھیار لے کرہتھیاروں پر پابندی کے قانون کی مخالفت میں نعرے لگائے۔ ریاست اوہائیو کے شہر کولمبس میں مظاہرے کے دوران بندوق کے حامی افراد جدید اسلحے لے کر شریک ہوئے اور یوں گن کلچر کے حامیوں نے ریلی نکال دی۔
مظاہرین نے عجیب و غریب منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوانین میں تبدیلی اور اسلحے پر پابندی سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ مجرم قانون کو نہیں دیکھتا۔
گن کلچر کے حامیوں نے جدید اسلحوں کی نمائش کرکے یہ ریلی ایک ایسے وقت نکالی ہے جب ریاست فلوریڈا میں چودہ فروری کو ایک اسکول میں فائرنگ کے واقعے کے بعد ملک بھر میں اسلحہ پر پابندی کے لئے ریلیاں نکالی گئیں اور یہ سلسلہ ابھی بھی جاری ہے فلوریڈا فائرنگ کے واقعے میں سترہ افراد مارے گئے تھے۔
امریکی کانگریس میں اسلحہ ساز کمپنیوں کے مالکان کا خاصا اثر و رسوخ ہے اس لئے آزادانہ طور پر ہتھیار لے کر چلنے پر پابندی کا قانون اب تک پاس نہیں ہوسکا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ خود بھی اسلحہ لابی کے حامی شمار ہوتے ہیں اور انہوں نے اسلحہ لے کر چلنے کی حمایت کی ہے۔
اس درمیان امریکا میں گذشتہ چوبیس گھنٹے میں فائرنگ کے واقعات میں چھالیس افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔امریکا میں گن وائلینس آرکائیو نے خبردی ہے کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹے میں فائرنگ کے چوالیس واقعات رونما ہوئے جن میں اکیس افراد ہلاک اور پچیس دیگر زخمی ہوگئے۔

ٹیگس