Mar ۱۳, ۲۰۱۸ ۰۹:۰۰ Asia/Tehran
  • امریکہ میں ہیلی کاپٹر گرکر تباہ

ان دنوں طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے حادثات بڑھ گئے ہیں اور گزشتہ کئی دنوں کے دوران کئی طیارے حادثے کا شکار ہوئے۔

امریکی شہر نیویارک میں ایک ہیلی کاپٹر گِر کر تباہ ہو گیا ہے جس پر پائلٹ سمیت 6 افراد سوار تھے۔

پولیس کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر اتوار کے روز نیویارک کے مشرق میں واقع دریا میں گِر کر تباہ ہوا جس کی وجہ سے پانچوں مسافر ہلاک ہو گئے جبکہ پائلٹ بچ نکلنے میں کامیاب رہا۔

نیویارک سٹی کے ترجمان کے مطابق دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ دیگر کو اسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔

پولیس کے مطابق پائلٹ اس ہیلی کاپٹر سے نکلنے میں کامیاب رہا جسے امدادی کارکنوں نے بچا لیا اور اس کی حالت بہتر ہے۔

واضح رہے کہ کل نیپال میں بنگلا دیش کا مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں کم از کم 50 افراد جاں بحق ہوگئے۔

طیارے میں 71 افراد سوار تھے جن میں 17 مسافروں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ نیپال کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کے لیے سول ایوی ایشن کے افسران پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

ٹیگس