Mar ۱۴, ۲۰۱۸ ۱۵:۱۸ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کے دورہ کیلی فورنیا کے خلاف مظاہرے

ہزاروں امریکیوں نے صدر ٹرمپ کے کیلی فورنیا کے دورے کے خلاف مختلف شہروں میں مظاہرے کئے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کے پہلے دورہ کیلی فورنیا کے خلاف منگل کی شب ہزاروں لوگوں نے لاس اینجلس کی سڑکوں پر مارچ کیا اور صدر ٹرمپ کے خلاف نعرے لگائے۔
مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ٹرمپ کے ریاستی دورے کے خلاف نعرے درج تھے۔ امریکی صدر کی امیگریشن پالیسیوں سے براہ راست متاثر ہونے والے تارکین وطن اور پناہ گزینوں کی بھی ایک بڑی تعداد اس مظاہرے میں شریک تھی۔
اس مظاہرے میں ٹرمپ مخالف نعروں والا لباس پہنے ایک کتے کی تصویر بھی دکھائی دی جس پر لکھا تھا کہ ٹرمپ نے میرے ملک پر قبضہ کر لیا ہے۔
ریاست کیلی فورنیا میں ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف اس سے پہلے بھی کئی بار بڑے بڑے مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔
کیلی فورنیا کے شہر سن ڈیاگو میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کے خلاف ایسے ہی مظاہرے کیے گئے جن میں شریک لوگ حکومت امریکہ کی پالیسیوں پر شدید برہمی کا اظہار کر رہے تھے۔
مظاہرین نے تارکین وطن کے انخلا اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کھڑی کرنے کی بھی مذمت کی۔
امریکہ کے مختلف شہروں میں صدر ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی کے خلاف مسلسل مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ستمبر دو ہزار سترہ میں اعلان کیا تھا کہ وہ ملک میں فورچونر کے نام سے موسوم غیر قانونی تارکین وطن کو تحفظ فراہم کرنے والے قانون ڈیکا کو منسوخ کر دیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست کیلی فورنیا کے گورنر کے خلاف لفظی جنگ کا نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ ٹرمپ نے ریاست کے گورنر جیری براؤن کی مالیاتی پالیسیوں پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی خطرناک کھیل، کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں ریاست کیلی فورنیا کی پالیسیوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ریاست نے ملک کی قومی سلامتی کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔

ٹیگس