Mar ۱۸, ۲۰۱۸ ۰۹:۰۸ Asia/Tehran
  • امریکہ: فوجیوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات

امریکی نائب صدر مائیک پینس نے پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پر واضح کیا ہے کہ اگر اسلام آباد سرحد پار دہشت گردوں کو نہیں روک سکتا تو امریکا افغانستان میں اپنے فوجیوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔

وائٹ ہاؤس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکا کے نائب صدر نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پیغام پہنچاتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے دوٹوک کہا کہ ‘ظالبان، حقانی نیٹ ورک اور دیگر دہشت گردوں کی تاحال موجودگی کے خلاف پاکستان مزید اقدامات اٹھائے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے غیر متوقع طور پر امریکی نائب صدر مائیک پینس سے ملاقات کی اور افغانسان میں مذاکرات کے ذریعے تنازعات کا حل تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق یہ ملاقات پاکستان کی درخواست پر امریکی نائب صدر کے گھر پر ہوئی اور یہ 30 منٹ تک جاری رہی اور اس ملاقات میں مائیک پینس کے خصوصی مشیر برائے جنوبی ایشیائی امور مائیکل کٹرون نے بھی شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کی جانب سے مائیک پینس کو افغانستان میں امن کی کوششوں کے لیے پاکستان کے عزم کی یقین دہانی کرائی، ساتھ ہی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں پر بھی زور دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اگست 2017 میں امریکا کی جانب سے افغانستان اور جنوبی ایشیا کے لیے نئی پالیسی کے اعلان کے بعد پاک امریکا تعلقات سخت کشیدہ ہو گئے اور پاکستان نے اسلام آباد میں تعینات امریکی سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کیا۔

ٹیگس