Apr ۰۷, ۲۰۱۸ ۱۶:۱۲ Asia/Tehran
  •  بحرین میں سیاسی قیدیوں کی آزادی کا مطالبہ

انسانی حقوق کی تیرہ عالمی تنظیموں نے عبدالہادی الخواجہ سمیت بحرین کی جیلوں میں بند انسانی حقوق کے کارکنوں اور تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے انسانی حقوق کے سرگرم کارکن اور بحرین کی انسانی حقوق تنظیم کے سابق سربراہ عبدالہادی الخواجہ کو اپریل دو ہزار گیارہ میں گرفتار اور بے پناہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
عبدالہادی الخواجہ نے بحرین میں سعودی فوجیوں کی آمد کے خلاف اعتراض کیا تھا جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ بحرین کی شاہی حکومت کی ایک نمائشی عدالت نے بے بنیاد الزامات کے تحت عبدالہادی الخواجہ کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
انسانی حقوق کی تیرہ تنظیموں نے بحرین کی شاہی حکومت کے نام ایک مراسلے میں عبدالہادی الخواجہ اور دیگر سیاسی قیدیوں کو جیل میں بنیادی سہولتوں سے محروم کرنے اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت نہ دینے پر بھی احتجاج کیا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے عالمی اداروں کے انسپیکٹروں کو جیل کے معائنے اور سیاسی قیدیوں سے ملاقات کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

 

ٹیگس