Apr ۱۵, ۲۰۱۸ ۲۰:۱۲ Asia/Tehran
  •  شام پر امریکی حملے کی مخالفت میں مظاہرے

شام پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کے حملے کے بعد امریکی شہریوں نے ملک کے مختلف شہروں میں جنگ مخالف مظاہرے کئے جبکہ دنیا کے مختلف ملکوں میں بھی شام پر امریکی جارحیت کی مذمت میں ریلیاں نکالی گئیں۔

امریکی شہریوں نے واشنگٹن ڈی س، شیکاگو، سن فرانسسکو اور لاس اینجلس جیسے شہروں میں جنگ مخالف ریلیاں نکال کر شام پر امریکا کے حملے کی مذمت کی۔ مظاہرین  نے اپنے ہاتھوں میں ایک علامت اٹھاکر شام پر امریکا کے حملے کو غیر اخلاقی اور غیر قانونی قرار دیا۔
 سن فرانسسکو میں بھی شام پر امریکی حملے کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں نے اپنے ہاتھوں میں شام کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔ ادھر شیکاگو میں بھی مظاہرین نے شام پر امریکی حملے کی مذمت میں نعرے لگائے۔ شرکا کے ہاتھوں میں ایسے بینرز اور پلے کارڈ تھے جن پر شام کے خلاف امریکا فرانس اوربرطانیہ کے حملے کی مذمت میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ امریکا شام میں اپنا کوئی بھی مقصد حاصل نہیں کرسکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ شام کے شہریوں کی جان کی حفاظت کے بہانے کیا گیا جبکہ یہ ایک جھوٹا بہانہ تھا۔
امریکی ریاست آکلینڈ میں بھی امریکی شہریوں نے جنگ مخالف مظاہرے میں شرکت کرکے شام پر امریکی حملے کی مذمت کی۔
نیویارک، ایٹلانٹا اور مینا پولیس سے بھی ایسے ہی مظاہروں کی خبریں موصول ہوئی ہیں جن کے دوران شرکا نے امریکا کی جنگ پسندانہ پالیسیوں پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا۔
 یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ ان مظاہروں میں صرف لیبرال افراد ہی نہیں تھے بلکہ ٹرمپ کے حامیوں کی بھی ایک بڑی تعداد نے شرکت کر کے شام پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کے حملے کی مذمت کی۔
ٹرمپ کے حامیوں نے اس بات پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا کہ صدر منتخب ہونے سے پہلے اور بعد میں انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ بیرون ملک کسی بھی جنگ میں شریک نہیں ہوں گے اور انہوں نے فرسٹ امریکا کا نعرہ دیا تھا لیکن اس کے باوجود انہوں نے شام پر حملہ کیا ہے۔ لاطینی امریکا کے ملک چلی میں بھی لوگوں نے شام پر امریکی حملے کی مذمت میں ریلی نکالی - چلی کے دارالحکومت سینٹیاگو میں مظاہرین نے امریکی سفارتخانے کی جانب مارچ کیا اور شامی عوام اور حکومت کے لئے اپنی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے شام پر امریکی حملے کی مخالفت کی۔
اس سے پہلے لندن میں بھی بڑی تعداد میں برطانوی شہریوں نے ایک احتجاجی ریلی نکال کر شام پر امریکا، برطانیہ اور فرانس کے حملے کی مذمت کی تھی۔اردن اور فلسطین میں بھی لوگوں نے بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر شام پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قراردیا۔ یونان اور اٹلی کے دارالحکومتوں میں بھی شام پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کی جارحیت کی مذمت میں ریلیاں نکالی گئیں۔

 

ٹیگس