May ۰۹, ۲۰۱۸ ۱۰:۵۰ Asia/Tehran
  • ایران اپنے وعدوں پر قائم ہے، روس کا اعلان

روس کی وزارت خارجہ نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے جوہری معاہدے سے علیحدگی کے فیصلے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے جوہری معاہدے سے متعلق اپنے تمام وعدوں کی پاسداری کی ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت خارجہ کے بیان میں آیا ہے کہ ایران نے جوہری معاہدے سے متعلق اپنے تمام وعدوں کی پاسداری کی ہے اور جوہری ادارے نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔

روس کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں  تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن نے اپنے اس اقدام سے جوہری توانائی کے عالمی ادارے کی ساکھ کو بھی متاثر کرنے کی کوشش کی جس نے جوہری معاہدے پر عمل در آمد کے لئے بڑی مہارت کا مظاہرہ کیا۔

روس کی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ روس کو اس بات پر تشویش ہے کہ امریکہ نے ایک بار پھر  دنیا کے دوسرے ملکوں کی نسبت اپنے مفادات کو ملحوظ خاطر رکھ کر عالمی قوانین و ضوابط کی دھجیاں اڑائیں۔

روس نے جوہری معاہدے میں شامل دوسرے ملکوں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور ایران کے ساتھ باہمی تعاون کے فروغ اور سیاسی روابط کو جاری و ساری رکھنے پر تاکید کی۔

دوسری جانب یورپی یونین میں روس کے مستقل مندوب ولادیمیر چیژوف نے کہا کہ امریکہ نے جوہری معاہدے سے نکل کر اپنی ساکھ کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عالمی معاہدے کی خلاف ورزی سے امریکہ کے اعتماد کو دھچکا لگا ہے۔

ٹیگس