May ۲۰, ۲۰۱۸ ۱۵:۱۸ Asia/Tehran
  • لندن میں بحرینی سفارت خانے کے باہر مظاہرہ

سیکڑوں بحرینی شہریوں اور آمریت مخالفین نے لندن میں بحرینی سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کیا ہے۔

یہ مظاہرہ بحرین کے سرکردہ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر دھرنا دینے والے پرامن شہریوں پر بحرینی سیکورٹی اہلکاروں کے وحشیانہ حملے کی برسی کے موقع پر کیا گیا۔ صوت المنامہ کے مطابق مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور وہ شاہ کے متعصبانہ روئیے کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔

مظاہرین نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کا فوجی محاصرہ جاری رکھے جانے نیز امریکہ و برطانیہ کی جانب سے بحرین کی شاہی حکومت کی مسلسل جاری حمایت کی بھی مذمت کی۔

بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے عوامی تحریک جاری ہے اور اس ملک کےعوام، شاہی حکومت کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

آل خلیفہ حکومت نے بحرینی عوام کی تحریک کو کچلنے کے لئے سعودی فوجیوں کے ساتھ مل کر طاقت کا بے دریغ استعمال کیا ہے- شاہی حکومت نے انقلابی تحریک کو کچلنے کے لئے ہزاروں افراد کو گرفتار اور سیکڑوں کو شہید اور زخمی کیا ہے جبکہ بڑی تعداد میں لوگوں کی شہریت بھی منسوخ کر دی ہے جن میں بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم بھی ہیں-

 

ٹیگس