May ۲۱, ۲۰۱۸ ۱۴:۵۶ Asia/Tehran
  • ڈیموکریٹ رہنما کی ٹرمپ پر نکتہ چینی

امریکی ایوان نمائندگان کے ڈیموکریٹ ارکان نے ایف بی آئی اور وزارت انصاف کے بارے میں اپنے ملک کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔

ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹ پارٹی کی رہنما نینسی پیلوسی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کئی ماہ سے ایف بی آئی اور وزارت انصاف میں کام کرنے والے لوگوں کی توہین اور ان کی ساکھ خراب کر کے، روس کے ساتھ اپنے انتخابی رابطوں کے اسکینڈل سے رائے عامہ کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں دعوی کیا تھا کہ ایف بی آئی اور وزارت انصاف ایک امیدوار کی حمایت میں دوسرے امیدوار کے انتخابی آفس میں رسوخ پیدا کرتی ہے اور یہ معاملہ انتہائی غور طلب ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی انٹیلی جینس اور عدلیہ کمیٹی کی مدنظر اسناد کے ذریعے اس صورتحال کے بارے میں کوئی حتمی رائے قائم کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ روزنامہ واشنگٹن پوسٹ نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایف بی آئی اے کے خفیہ اہلکار نے سن دو ہزار سولہ کے صدارتی انتخابات کے دوران ٹرمپ کے تین انتخابی مشیروں سے ملاقات کی اور خارجہ پالیسی کے حوالے سے ضروری ہدایت دی تھیں۔
ٹرمپ نے اپنے ٹوئیٹ میں ایف بی آئی کے اس اقدام کو اپنی حریف امیدوار ہلیری کلنٹن کے حق میں معلومات حاصل کرنے کی ایک کوشش قرار دیا ہے۔
اگر چہ اس وقت کے ایف بی آئی عہدیداروں نے اپنے اس اقدام کی کوئی وضاحت پیش نہیں کی ہے لیکن نینسی پیلوسی اور دیگر امریکی عہدیداروں پر ٹرمپ کی نکتہ چینی سے اس بات کی نشانہ دہی ہوتی ہے کہ امریکی رائے عامہ، سیاستدانوں اور اہم شخصیات کے لیے یہ معاملہ اس تناظر میں اہم ہے کہ ٹرمپ ایک بار پھر ملک کے اہم سیکورٹی ادارے کی کارکردگی پر سوالیہ نشانہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نینسی پیلوسی کا اس بارے میں کہنا ہے کہ اس بات کی اجازت نہیں دی جانا چاہیے کہ ٹرمپ کی سازشیں امریکی نظام کو کمزور کرنے کا باعث بنیں۔
ایسا دکھائی دیتا ہے کہ ایف بی آئی اور اس کے اہلکاروں پر ٹرمپ کی الزام تراشیاں بحیثیت صدر خود ٹرمپ کی کارکردگی پر تنقید کا ذریعہ بن گئی ہیں۔

ٹیگس