Jun ۱۸, ۲۰۱۸ ۰۹:۱۱ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کی حمایت

اقوام متحدہ نے افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے طالبان کے خلاف جنگ بندی میں توسیع اور امن مذاکرات جاری رکھنے کو سراہتے ہوئے اس کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے افغان حکومت کی طرف سے طالبان کے ساتھ جنگ میں یک طرفہ توسیع کا خیر مقدم کرتے ہوئے طالبان پر زور دیا ہے کہ وہ افغان عوام کی طرف سے امن کی خواہش اور آواز پر توجہ دیں اور وہ بھی جنگ بندی میں توسیع کریں۔

اْنھوں نے کہا کہ افغانستان تنازع کا حل صرف تمام فریقوں کی شمولیت سے سیاسی مذاکرات میں ہے۔

سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دیرپا امن کے لیے اقوام متحدہ، افغان حکومت اور تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے افغان طالبان کے ساتھ جنگ بندی میں یک طرفہ طور پر توسیع کا اعلان کرتے ہوئے ٹی وی پر اپنے خطاب میں کہا تھا کہ افغان حکومت طالبان کے ساتھ جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

ادھراسلامی جمہوریہ ایران نے بھی افغانستان میں حکومت اور طالبان کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کا خیر مقدم کیا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان  بہرام قاسمی نے فریقین کی طرف سے عید فطر کی مناسبت سے عارضی جنگ بندی کی پابندی اور افغان حکومت کی طرف سے اس میں توسیع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں پائدار امن کے قیام کے سلسلے میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان باہمی تعاون ضروری ہے۔

 

ٹیگس