Jun ۲۲, ۲۰۱۸ ۱۴:۴۵ Asia/Tehran
  • کسٹم ڈیوٹی پر امریکہ کے خلاف مغرب کا جوابی اقدام

امریکی حکومت کی جانب سے اسٹیل اور المونیم پر پچّیس اور دس فیصد ٹیکس عائد کئے جانے کے اقدام پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے یورپی یونین نے جمعے کے روز سے درجنوں امریکی اشیا اور مصنوعات پر ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے جن امریکی اشیا اور مصنوعات پر ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ان کی فہرست اس نے اٹھارہ مئی کو تجارت کی عالمی تنظیم کو ارسال کر دی تھی۔اس فہرست میں صرف وہ امریکی مصنوعات شامل ہیں جو خود امریکہ میں ہی تیار کی جاتی ہیں اور دیگر ملکوں میں امریکی تجارتی کمپنیوں کے نام پر تیار کی جانے والی مصنوعات شامل نہیں ہیں۔امریکہ کی ٹرمپ حکومت نے آٹھ مارچ کو اسٹیل اور المونیم کی درآمدات پر پچّیس اور دس فیصد ٹیکس عائد کرنےکا اعلان کیا تھا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے پہلے مئی کے مہینے میں یورپی یونین کو اپنے اس قانون سے مستثنی رکھا مگر پھر جون سے اپنے اس فیصلے میں یورپی یونین کو بھی شامل کر لیا۔ٹرمپ حکومت کی جانب سے اس قسم کے فیصلے ایسی حالت میں کئے جا رہے ہیں کہ دنیا کے مختلف ملکوں اور عالمی اقتصادی اداروں نے بارہا اس بات پر خبردار کیا ہے کہ ٹرمپ کی پالیسیوں سے عالمی معیشت و اقتصاد پر منفی اثرات مرّتب ہوں گے۔

ٹیگس