Jul ۳۰, ۲۰۱۸ ۰۸:۱۵ Asia/Tehran
  • نائیجیریا میں بوکو حرام کا حملہ 27 ہلاک

نائیجیریا میں بوکو حرام کے فوجی چھاؤنی پر حملے میں 11 فوجی اور 16 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست بورنو کے علاقے مونگونو میں بوکوحرام کے دہشتگردوں نے فوجی چھاؤنی کو نشانہ بناتے ہوئے چیک پوائنٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا اور سیکیورٹی حصار کو توڑتے ہوئے چھاؤنی میں گھس کر 11 اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔

بتایا گیا ہے کہ حملہ آور کئی ٹرک میں آئے اور انہیں موٹر سائیکل سوار ساتھیوں کی مدد بھی حاصل تھی، حملے کے بعد بوکو حرام کےدہشتگرد بڑی تعداد میں اسلحہ و بارود اور ہتھیار اپنے ساتھ لے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع نے حملے میں 11 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب نائیجیرین فوج کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد جوابی کارروائی میں بوکوحرام کے 16 دہشتگردوں کو مار دیا گیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آرمی پبلک ریلیشنز کرنل اونیما نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ  حملہ آور تین گاڑیوں میں آئے جس میں گن ٹرک بھی شامل تھا، زمینی فوج اور فضائیہ نے نشانہ بناتے ہوئے دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنادیا اور ان سے اسلحہ و گاڑیاں چھین لیں۔

کرنل اونیما نے مزید بتایا کہ حملے میں ایک فوجی اور چار سویلین زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ 9 برس کی لڑائی میں اب تک بوکوحرام نائیجیریا میں20 ہزار سے زائد افراد کو قتل کرچکی ہے۔

 

ٹیگس