Aug ۰۵, ۲۰۱۸ ۰۷:۴۰ Asia/Tehran
  • ترکی میں امریکی وزیروں کے اثاثے منجمد

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے اپنے ملک میں دو امریکی وزیروں کے اثاثے منجمد کرنے کا اعلان کردیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکمران جماعت کی خواتین ونگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوغان نے امریکا کو خبردار کیا کہ جو یہ سمجھتے ہیں کہ وہ پابندیاں لگا کر، دھونس اور دھمکیوں کے ذریعے ترکی کو پیچھے دھکیل دیں گے تو یاد رکھیں کہ وہ ابھی ترک قوم کو جانتے نہیں ہیں۔

ترک صدر نے کہا کہ انہوں نے حکام کو ہدایات دی ہیں کہ پابندیوں کے جواب میں دو امریکی وزیروں کے اثاثوں کو منجمد کردیں ، اس فرمان کے بعد امریکی وزیر قانون اور وزیرداخلہ کے ترکی میں موجود اثاثے منجمد کیے جارہے ہیں۔

امریکہ اور ترکی کے درمیان امریکی پادری اینڈریو برنس کے معاملے پر کشیدگی پائی جاتی ہے۔ امریکی پادری کو ترکی میں دہشت گرد قرار دی گئی تنظیم اور ناکام فوجی بغاوت کی سازش کے سرغنہ ’فیتو‘ سے تعلقات اور رابطوں کے جرم میں قید کی سزا دی گئی ہے۔

 

ٹیگس