Aug ۱۵, ۲۰۱۸ ۱۹:۰۱ Asia/Tehran
  • چینی فوج کا امریکہ کو سخت انتباہ

چینی فوج نے امریکہ کو تائیوان کے ساتھ فوجی تعلقات میں اضافے اور متحدہ چین کی پالیسی کی خلاف ورزی کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔

چینی فوج کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تائیوان کا معاملہ بیجنگ واشنگٹن تعلقات کا حساس ترین مسئلہ ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چین اس معاملے میں کسی کو بھی اپنے اقتدار اعلی کی ذرہ برابر خلاف ورزی کی اجا‎زت نہیں دے گا۔چین کی فوج نے یہ تحریری بیان ایسے وقت میں امریکہ کے حوالے کیا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز سن دوہزار انیس کے دفاعی بجٹ کی منظوری دی ہے جس میں چین کے مقابلے کے لیے تائیوان کے ساتھ فوجی تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا ہے۔اس سے پہلے چین کی وزارت دفاع کے ترجمان نے  بھی امریکی دفاعی بجٹ کو بیجنگ واشنگٹن تعلقات کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ تائیوان کے ساتھ امریکہ کے فوجی تعلقات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی منگل کے روز امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چین کے خلاف سرد جنگ کا سلسلہ بند کردے۔چین تائیوان کو اپنا اٹوٹ حصہ قرار دیتا ہے اور بارہا اعلان کرچکا ہے کہ وہ اس علاقے کی علیحدگی کو کسی صورت برادشت نہیں کرے گا۔

ٹیگس