Aug ۱۸, ۲۰۱۸ ۰۷:۵۷ Asia/Tehran
  • چین کے خلاف امریکی الزامات کی حقیقت

امریکی وزارت جنگ پینٹاگون نے انکشاف کیا ہے کہ چینی فوج بحرالکاہل میں امریکی تنصیبات کو تباہ کرنے کے لیے بم اور میزائل حملہ کرنے کی تربیت حاصل کر رہی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت جنگ کے مرکزی دفتر پینٹاگون نے اپنی سالانہ رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ چینی افواج امریکی اور اتحادی افواج کی تنصیبات پر بم اور میزائل حملے کی اپنی استعداد کو بڑھانے کی تیاریاں کر رہی ہیں اور ان کا ہدف بحرالکاہل میں موجود امریکی اور اتحادی فوج کی تنصیبات ہو سکتی ہیں۔

رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی بحری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے تین سال سے خصوصی تربیت حاصل کررہی ہے جب کہ بحری تنصیبات کو نشانہ بنانے والے اور آتشی مواد لے جانے والے میزائل بنا رہا ہے جس کے لیے چین نے دفاعی بجٹ کو 190ارب ڈالر تک کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی تنازعے سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ جس سے خطے میں قائم امن کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں اور یہ صورتحال امریکی صدر ٹرمپ کے مسند اقتدار میں آنے کے بعد ان کی یکطرفہ اور انتہا پسندانہ پالیسی کی وجہ سے بنی اور امریکہ نے عالمی سطح پر ایک نیا محاذ کھول دیا ہے جس کا اہم اور اصل مقصد پوری دنیا پر امریکی چودھراہٹ قائم کرنا ہے جس میں ابھی تک امریکہ کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

ٹیگس