Sep ۰۵, ۲۰۱۸ ۱۸:۳۷ Asia/Tehran
  • ایران کے سلسلے میں امریکا کے رویّے پر روس اور فرانس کی شدید تنقید

روس اور فرانس کے وزرائے خارجہ نے واشنگٹن کی من مانی اور خودسرانہ پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے ایران کے سلسلے میں امریکی اقدامات کو غیر پیشہ ورانہ، غیر قانونی اور غیرحقیقت پسندانہ قرار دیا ہے۔

روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے روس کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل پر اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ ایران کے سلسلے میں امریکا کا موقف  مکمل غیر حقیقت پسندانہ ہے-

روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران کئی ہزار سال پرانی قدیم تاریخ اور تہذیب کا مالک ہے اور اس کی آبادی آٹھ کروڑ سے زائد ہے- 

ان کا کہنا تھا کہ علاقے کے دیگر ملکوں کی طرح ایران کے بھی ہمیشہ اپنے خاص مفادات رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایران کے سلسلے میں غیر قابل قبول موقف اپنا رکھا ہے اور اس طرح کا موقف عملی جامہ نہیں پہن سکتا کیونکہ ایران ہمیشہ ایسے مفادات کا حامل ہو گا کہ ان کا احترام کرنا ہو گا-

فرانس کے وزیر خارجہ نے بھی ایک بار پھر ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے غیرقانونی ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یورپی ممالک ایران کے ساتھ مالی تعاون اور بینکاری کے شعبے میں تعلقات برقرار کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں-

 فرانسیسی وزیرخارجہ نے کہا کہ ان کا ملک جرمنی، برطانیہ، چین اور روس کے ساتھ مل کر ایٹمی معاہدے میں تعاون کرنے میں مصروف ہے-

انہوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدے پر یورپی یونین نے بھی دستخط کئے ہیں اور یہ ایک اچھا معاہدہ ہے اس لئے ہم اس کو باقی رکھنا چـاہتے ہیں-

فرانسیسی وزیر خارجہ لےدریان نے ایٹمی معاہدے پر ایران کی جانب سے عمل درآمد کئے جانے کی تصدیق پر مبنی آئی اے ای اے کی بارہویں رپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے کو کمزور ہونے سے روکنا ہو گا اور ہم ایران سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ وہ معاہدے پر کاربند رہے ہم بھی کاربند رہیں گے-

فرانسیسی وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران ایٹمی معاہدے میں مندرج فوائد منجملہ تجارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے اور امریکا نے ایران پر پابندیاں عائد کر کے ایران میں سرمایہ کاری کرنے والی غیر امریکی کمپنیوں کی سرگرمیوں  کو روکنے کی کوشش ہے جو غیر قانونی ہے-

فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی حکام یہ سمجھتے ہیں کہ پابندیوں کے ذریعے دباؤ ڈال کر وہ ایران کے سیاسی نظام کو تبدیل کر دیں گے لیکن یورپ اس کے برخلاف سوچتا ہے-

انہوں نے کہا کہ ایران ایسی صورت میں اپنے ایرانی عزت وقار اور  غیرت کی بدولت اور ایرانی قوم پرستی کے ساتھ ایک بہت بڑی استقامتی قوت کا مالک بن جائے گا-

فرانس کے وزیر خارجہ کا یہ بیان اور ایران کے ساتھ مالی امور کے تعاون کو بحال کرنے کی راہوں کو کھولنے کی یورپ کی کوشش ایک ایسے وقت انجام پا رہی ہے جب اسلامی جمہوریہ ایران بدستور یورپ کے عملی اقدامات کا منتظر ہے-

 

ٹیگس