Sep ۱۴, ۲۰۱۸ ۱۸:۱۱ Asia/Tehran
  • طوفان فلورنس امریکی ساحلوں کے قریب

سمندری طوفان فلورینس تیزی کے ساتھ امریکہ کی مشرقی ساحلی پٹی پر اپنے اثرات نمایاں کر رہا ہے اور اس کی شدت مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔

جنوبی کیرولائنا میں تیز ہواؤں کے جھکڑ اور بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے عام املاک کو نقصان بھی پہنچا ہے۔
سمندر میں لہریں بلند ہو گئی ہیں، پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا ہے، متاثرہ علاقوں سے سیکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور تیز ہواؤں کے باعث تین لاکھ سے زائد گھروں اور دفاتر کی بجلی منقطع ہو گئی ہے۔
جنوبی کیرولائنا کے مائرٹل بیچ کے مشرق میں  طوفانی ہواؤں  کی رفتار ایک سو پینسٹھ کلو میٹر فی گھنٹہ، بتائی جا رہی ہے۔
سمندری طوفان کسی بھی وقت پوری قوت سے شمالی اور جنوبی کیرولائنا سے ٹکرا سکتا ہے۔
طوفان کی وجہ سے شمالی کیرولائنا، جنوبی کیرولائنا، جارجیا، میری لینڈ اور ورجینیا میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا پہلے ہی اعلان کیا جاچکا ہے۔