Sep ۲۰, ۲۰۱۸ ۱۸:۵۵ Asia/Tehran
  • موجودہ اور سابق امریکی وزیر خارجہ میں ٹھنی

امریکہ کے موجودہ وزیر خارجہ نے ایک بار پھر سابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کا پرویگنڈہ کر کے ٹرمپ حکومت کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

 فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے امریکہ کے موجودہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ جان کیری سیاسی میدان سے جانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
 انہوں نے کہا کہ جان کیری ایرانی عہدیداروں سے ملاقاتیں کر کے صدر  ٹرمپ اور ان کی حکومت کی پوزیشن کو مخدوش کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔
 مائیک پومپیو نے مزید کہا کہ سابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری، ان کی سابق معاون ونڈی شرمین اور سابق وزیر توانائی ارنسٹ مونیز، وہ چیز جو ٹرمپ حاصل کرنا چاہتے ہیں، اسے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
 امریکی وزیر خارجہ نے جمعے کے روز بھی سابق وزیر خارجہ جان کیری پر نکتہ چینی کرتے ہوئے ان کے اقدامات کو آداب کے منافی قرار دیا تھا۔
  دوسری جانب سابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے ترجمان نے کہا ہے کہ سابق وزیر خارجہ اور ان کے غیر ملکی ہم منصبوں کے درمیان ملاقات میں کوئی بات معمول سے ہٹ کر نہیں ہے۔
 انہوں نے کہا کہ غیر مہذب اور ادب سے عاری بات یہ ہے کہ وزارت خارجہ کے پلیٹ فارم کو سیاسی شعبدہ بازی کے لیے استعمال کیا جائے۔
 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری پر غیر ملکوں کے ساتھ غیر قانونی ملاقاتوں کا الزام عائد کیا ہے۔

ٹیگس