Sep ۲۲, ۲۰۱۸ ۱۴:۰۲ Asia/Tehran
  • دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں امریکی رپورٹ مسترد

روس، چین اور بعض دوسرے ممالک نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں امریکی رپورٹ کو غیر حقیقی اور ثبوت سے عاری قرار دیا ہے۔

دنیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں امریکی وزارت خارجہ کی جاری کردہ رپورٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے روس کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حقائق میں رد و بدل کر رہا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے اس رپورٹ میں جان بوجھ کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ماسکو کے کردار کو کم کرنے اور حتی اس کی ساکھ خراب کرنے کی بھی کوشش کی ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خاص طور سے شام کے بارے میں امریکہ دوغلی پالیسیوں پر عمل کر رہا ہے اور امریکی حکام بدستور شام کی قانونی حکومت کو ختم کرنے کے لیے دہشت گردوں کو استعمال کر رہے ہیں۔
امریکی وزارت خارجہ کی رپورٹ پر چین، ہندوستان، پاکستان اور وینیزویلا نے بھی منفی ردعمل ظاہر کیا ہے۔ چین کی وزارت خارجہ نے دنیا میں دہشت گردی کے بارے میں امریکہ کی سالانہ رپورٹ کو زمینی حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔
وینیزویلا کی وزارت خارجہ نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں امریکی رپورٹ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ رپورٹ انتہائی مخدوش ہے کیونکہ اسے ایسی حکومت نے جاری کیا ہے جو خود دنیا میں دہشت گردی کو فروغ دینے والی سب سے بڑی حکومت ہے۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں امریکی وزارت خارجہ نے یہ رپورٹ ایسے وقت میں جاری کی ہے جب شہری اور انسانی حقوق کی تنظیموں اور جنگ مخالفین امریکی اقدامات کو دنیا میں دہشت گردی کے فروغ کا اصل سبب قرار دیتے ہیں۔
امریکی حکام بارہا شام اور عراق میں دہشت گرد گروہوں کی حمایت کا اعتراف کر چکے ہیں۔
شہری اور انسانی حقوق کے کارکنوں اور جنگ مخالفین نے دہشت گردی کے اصل حامی ملکوں کے لیے امریکی حمایت پر  بارہا اعتراض کیا ہے۔
امریکہ کی معروف جنگ مخالف مڈیا بینجمن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے امریکی پالیسیوں پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں سعودی عرب کے بارے میں بات کرنا چاہیے جو انسانی حقوق کی سب سے زیادہ خلاف ورزی کرنے والا ملک ہے اور عالمی برادری کے لئے سب سے بڑا خطرہ شمار ہوتا ہے۔
امریکی وزار خارجہ نے بدھ کے روز دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں اپنی سالانہ رپورٹ میں جہاں امریکہ کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کا علمبردار قرار دیا ہے وہیں امریکی پالیسیوں کی مخالفت کرنے والے ملکوں کے بارے میں اپنے دیرینہ دعؤوں کا اعادہ کیا ہے۔

ٹیگس