Oct ۱۳, ۲۰۱۸ ۱۳:۳۵ Asia/Tehran
  • سرگرم سعودی خواتین کی فوری رہائی کا اقوام متحدہ کا مطالبہ

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے انسانی حقوق کے شعبے میں سرگرم سعودی خواتین خاص طور سے ان چھے خواتین کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے کہ جنھیں انسانی حقوق کے پرامن دفاع کے بہانے قید کر دیا گیا۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے ایک بیان میں سعودی عرب میں انسانی حقوق کے لئے سرگرم خواتین منجملہ اسرا الغمام کے خلاف سعودی حکومت کے اقدامات کی مذمت کی ہے اور ان کے خلاف کارروائی کو بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پرامن اجتماع میں شرکت سے متعلق اسرا الغمام کے خلاف کارروائی اور ان کی سزائے موت کے حکم کا، ان کے شیعہ مسلمان ہونے سے براہ راست تعلق ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب کی آل سعود حکومت نے دس ستمبر دو ہزار سترہ سے اس ملک کی بہت سے اہم سیاسی و مذہبی اور سماجی و ثقافتی شخصیات منجملہ شعرائے کرام، اقتصادی ماہرین اور یونیورسٹی کے اساتذہ کو، ملک کے اندر اور باہر سے کی جانے والی مخالفتوں کے باوجود گرفتار کر رکھا ہے جبکہ سعودی حکام کے اس قسم کے اقدامات پر مختلف عالمی اداروں کی جانب سے کڑی تنقید کی گئی ہے۔