Nov ۰۲, ۲۰۱۸ ۱۰:۳۸ Asia/Tehran
  • سری لنکا میں معطل پارلیمنٹ بحال

سری لنکن صدر سری سینا نے ملک میں جاری بحران کے پیش نظرمعطل پارلیمنٹ بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

سری لنکن پارلیمنٹ کا اجلاس 5 نومبر کو طلب کر لیا گیا ہے جس میں نئے وزیراعظم مہیندہ راجاپکش بھی شرکت کریں گے۔

اجلاس میں 225 ممبران مہیندہ راجاپکشیا وکرم سنگھ کو وزیر اعظم منتخب کریں گے۔ یاد رہے کہ 26 اکتوبر کو سری لنکن صدر سری سینا نے وکرم سنگھ کو وزیراعظم کے عہدے سے برطرف کردیا تھا۔

سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا نے پارلیمنٹ کی معطلی ختم کر کے پیر 5نومبر کو پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا اعلان کر دیاہے۔انھوں نے اس حوالے سے کہا کہ انھوں نے ایسا اس لیے کیا ہے تاکہ معلوم ہو کہ پارلیمنٹ کی اکثریت کس کے ساتھ ہے۔

پارلیمنٹ اجلاس میں معزول وزیراعظم رانیل وکرماسنگھے کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لیے جانے کا امکان ہے، وکرما سنگھے کا سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہنا ہے کہ عوام کی آواز سنی جائے گی اور ملک میں جمہوریت پروان چڑھے گی۔

واضح رہے کہ سری لنکن صدر متھری پالا سری سینانے گذشتہ جمعے کو وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے کوعہدے سے ہٹا کر پارلیمنٹ سولہ نومبر تک معطل کر دی تھی، اور اپنے پرانے حریف سابق صدر مہندا راجاپکسے کو نیا وزیراعظم نامزد کر دیا تھا، جس کے بعد ملک میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی تھی اور نئے وزیراعظم کے حامیوں نے مختلف محکموں کے دفاتر پر دھاوا بول دیا تھا، اور پٹرولیم منسٹری کے دفتر پر راجہ پکسے کے حامیوں کے حملے کے دوران وزیرپٹرولیم ارجنا رانا ٹنگے کے گارڈز کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک بھی ہوگیا تھا۔

ٹیگس