Nov ۰۹, ۲۰۱۸ ۱۹:۴۲ Asia/Tehran
  • یمن امن مذاکرات ملتوی

اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ نومبر میں یمن کے بارے میں ہونے والے مذاکرات ملتوی ہوگئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ترجمان فرحان حق نے کہا کہ یمن کے سلسلے میں مجوزہ مذاکرات کا التوا  یمن کے سبھی سیاسی گروہوں کے درمیان رواں سال کے اختتام  تک ضروری صلاح و مشورے مکمل کرلئے جانے کے پیش نظر ہوا ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹین گریفتس اس وقت یمن کے سیاسی گروہوں کو اکٹھا کررہے ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ یہ کام رواں سال کے اختتام تک مکمل ہوجائے۔

انہوں نے بتایا کہ یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے سولہ نومبرکو سلامتی کونسل میں تقریر کرنے والے ہیں اور وہ ان مذاکرات کو دوبارہ شروع کرانے کی کوشش میں ہیں جو ستمبرمیں ناکام ہوگئے تھے۔

یمن میں سیاسی مفاہمت اور صلح سمجھوتے کے لئے اقوام متحدہ کے ترجمان کا یہ دعوی ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یمن پرسعودی عرب  اور متحدہ عرب امارات کے وحشیانہ ہوائی حملے گذشتہ تین برسوں سے زائد عرصے سے امریکا اور برطانیہ کی ایماء پر بدستورجاری ہیں۔ اس درمیان یمن میں کسی سیاسی حل تک پہنچنے کے لئے اب تک  کے کئی بار کے مذاکرات میں ہمیشہ سعودی عرب نے رکاوٹیں کھڑی کی ہیں۔

ٹیگس