Nov ۲۴, ۲۰۱۸ ۱۸:۴۹ Asia/Tehran
  • داعش گروہ شام میں امریکہ کا اتحادی، روس

روسی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ، داعش دہشت گرد گروہ کو شام کی حکومت کے خلاف ایک اتحادی کی نظر سے دیکھتا ہے۔

روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہفتے کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ، شام میں اپنی غیرقانونی موجودگی کی توجیہ پیش کرنے کے لئے داعش کا سہارا لے رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ شام میں امریکی افواج کی موجودگی کا اصل مقصد دہشت گردوں کو ختم کرنا نہیں بلکہ اس ملک کی قانونی حکومت کو گرانا ہے۔
اس موقع پر سرگئی لاوروف نے جمال خاشقچی قتل کیس کی جانب بھی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو اس بارے میں اپنا موقف واضح کرچکا ہے اور اس کا مطالبہ ہے کہ اس قتل کی تحقیقات جلد از جلد مکمل کر دی جائیں۔
انہوں نے ماسکو کے خلاف یورپی یونین کی پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ روس پابندیوں کے خاتمے کے لئے کسی کے سامنے اپنا وقار نہیں گرائے گا۔
روس کے وزیر خارجہ نے پابندیوں کے مقابلے میں حقیقت پسندی کو بہترین پالیسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے لئے، کریمیا کا موضوع، یورپ کی کھلی بہانہ تراشی ہے۔
واضح رہے کہ سن دو ہزار چودہ کے دوران ہونے والے ریفرینڈم کے تحت، جزیرہ نمائے کریمیا کے باشندوں نے یوکرین سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے روس میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا تھا جس پر یورپ اور امریکہ آگ بگولہ ہوگئے اور روس کے خلاف متعدد معاشی، اقتصادی اور سیاسی پابندیاں عائد کر دیں۔

 

ٹیگس