Jan ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۴:۲۹ Asia/Tehran
  • حکومتی شٹ ڈاؤن کے ذمہ دار ٹرمپ ہیں، امریکی سینیٹرز

امریکا میں حکومتی شٹ ڈاؤن برقرار ہے اور ٹرمپ پر تنقیدوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس درمیان ایک اور امریکی سینیٹر نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے اقدامات کی ہی وجہ سے فیڈرل حکومت کے کام کاج ٹھپ پڑے ہوئے ہیں۔

ریاست نیوجرسی سے ڈیموکریٹ سینیٹر باب مننڈز نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کے اقدامات کی ہی وجہ سے حکومتی شٹ ڈاؤن ہوا ہے-

سینیٹر باب مننڈز نے کہا کہ ٹرمپ نے پہلے کہا تھا کہ حائل دیوار کی تعمیر کا خرچ میکسیکو برداشت کرے گا لیکن بعد میں انہوں نے اس کے اخراجات امریکی ٹیکس دہندگان سے وصول کرنے کی بات کر دی-

جواب میں وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا سینڈرز نے بھی اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ڈیموکریٹس کی ریاکاری اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے-

امریکا میں حکومتی شٹ ڈاؤن کے مسئلے پر ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز کے درمیان کشیدگی اور کشمکش بدستور جاری ہے- نئے ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس ارکان نے حکومتی بجٹ پاس تو کر دیا لیکن اس میں میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے لئے ٹرمپ کی جانب سے مانگے گئے بجٹ کی منظوری نہیں دی-

ریپبلکنز نے بھی اعلان کیا ہے کہ سینیٹ میں بجٹ کی منظوری کے حق میں اسی وقت ووٹ دیں گے جب اس پر ٹرمپ کے دستخط ہوں گے-

اس درمیان صدر ٹرمپ نے امریکی میڈیا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ڈیموکریٹس کا ساتھ دے رہا ہے-

ٹرمپ نے اپنے ایک ٹویٹ میں امریکی میڈیا پر ایک بار پھر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈیموکریٹس کا ساتھ دے رہا ہے۔  ٹرمپ نے کہا کہ میڈیا کا رویّہ کبھی بھی اتنا زیادہ غلط نہیں تھا-

ٹرمپ نے یہ ٹویٹ ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی اور سینیٹ میں اقلیتی دھڑے کے پارلیمانی لیڈر چک شومر کے ساتھ مشترکہ نشست کے بعد کیا-

اس نشست میں حکومتی شٹ ڈاؤن کو ختم کرنے کے معاملے پر بات ہوئی تھی جو بے نتیجہ ثابت ہوئی- بات جب آگے نہ بڑھ سکی تو ٹرمپ اچانک میٹنگ سے باہر نکل آئے-

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹرمپ اقتدار میں آنے کے بعد سے بارہا امریکی ٹی وی چینلوں اور اخبارات پر شدید حملہ کر چکے ہیں اور وہ میڈیا پر جھوٹ بولنے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں یہاں تک کہ سی این این کے نمائندوں سے تو ان کی کئی بار لفظی جھڑپ بھی ہو چکی ہے-  

 

ٹیگس