Jan ۲۲, ۲۰۱۹ ۲۰:۵۹ Asia/Tehran
  • گوگل پر پانچ کروڑ یورو کا جرمانہ

فرانس نے امریکی سرچ انجن گوگل پر پالیسی کے مطابق معلومات کی فراہمی میں ناکامی پر پانچ کروڑ یورو جرمانہ عائد کر دیا۔

فرانس کے مانٹیرنگ ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کے جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن کے تحت پہلی مرتبہ گوگل پر پانچ کروڑ یورو کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق گوگل کو فرانسیسی ادارے سی این آئی ایل نے ریکارڈ جرمانہ اس لیے کیا ہے کیونکہ وہ دستاویزات کے حوالے سے باہمی پالیسی کے تحت معلومات تک واضح اور آسان رسائی دینے میں ناکام ہوا۔
سی ایل آئی ایل کا کہنا تھا کہ گوگل نے صارفین کے لیے معلومات تک رسائی کو انتہائی مشکل بنا دیا تھا اور ان کی ذاتی معلومات کے استعمال کے مطابق ترجیحات ترتیب دیں خاص کر اشتہارات کے معاملے میں زیادہ مشکل بنا دیا۔
گوگل کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام ہم سے کنٹرول اور شفافیت کے اعلیٰ معیار کی توقع رکھتے ہیں اور ہم ان توقعات پر پورا اترنے کے لیے پرعزم ہیں اور جی ڈی پی آر کی ضروریات پوری کریں گے۔
گوگل کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اگلے لائحہ عمل کے لیے فیصلے کا جائزہ لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ شکایات گزشتہ برس مئی میں دو گروپس کی جانب سے جی ڈی پی آر کے نافذ ہونے کے فوری بعد درج کرائی گئی تھیں۔

ٹیگس