Feb ۱۵, ۲۰۱۹ ۱۳:۴۴ Asia/Tehran
  • برگزیٹ کے بارے میں حکومتی اسٹریٹجی کے خلاف برطانوی پارلیمنٹ کا ووٹ

برطانوی پارلیمنٹ دارالعوام نے یورپی یونین سے برطانیہ کے نکلنے سے متعلق مذاکرات کو جاری رکھنے کے حکومتی بل کے خلاف ووٹ دیا ہے۔

دارالعوام میں ووٹنگ کے دوران حکومتی بل کے خلاف تین سو تین ارکان نے ووٹ دیئے جبکہ حق میں دو سو اٹھاون ووٹ ملے۔

اس طرح برطانوی وزیراعظم تھریسا مئے کو یورپی یونین سے نکلنے کے لئے حکومت کی نئی حکمت عملی جلد سے جلد پارلیمنٹ کو پیش کرنا ہو گی-

پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کے لیڈر اور لیبر پارٹی کے رہنما جرمی کوربین نے ایوان میں ووٹنگ کے بعد کہا کہ اراکین پارلیمنٹ نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ یورپی یونین سے علیحدگی کے لئے حکومتی اسٹریٹیجی کے حق میں نہیں ہیں-

انہوں نے کہا کہ تھریسا مئے کی اسٹریٹیجی ناکام ہو چکی ہے اور اب انہیں بریگزیٹ کے لئے اپنا جامع پروگرام پیش کرنا ہو گا-

اس سے پہلے بھی برطانوی اراکین پارلیمنٹ، بریگزیٹ کے بارے میں حکومتی اقدام اور اسٹریٹجی کے خلاف ووٹ دے چکے ہیں۔ برطانیہ کو انتیس مارچ تک یورپی یونین سے الگ ہونا ہے-